خبرنامہ

پاکستان اورانگلینڈ دوسرے ون ڈے میں آج مدمقابل ہوں گے

لارڈز:(اے پی پی) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ڈھائی بجے ٹکرائیں گی۔ قومی ٹیم کے ابتدائی بلے باز محمد حفیظ زخمی ہونے کے باعث آج کے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے، قومی ٹیم میں سمیع اسلم اور یاسر شاہ کی واپسی متوقع ہے۔ کرکٹ ماہرین لیگ اسپنر یاسر شاہ کو موقع دینے کے حق میں ہیں تاہم ٹیم میں شامل محمد نواز اور عماد وسیم کی جانب سے بھی قابل اطمینان کارکردگی پیش کی گئی۔ دوسری جانب انگلش ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں اور انگلش کپتان این مورگن لارڈز ٹیسٹ میں بھی پہلے میچ کی فاتح ٹیم کو ہی کھلانے کے حق میں ہیں۔ پہلے میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت قومی کرکٹ ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تاہم گرین شرٹس کے کپتان اظہر علی کھلاڑیوں کی ناقص فیلڈنگ سے شدید پریشان ہیں اور دوسرے میچ کے لئے بیٹنگ اور بولنگ کے علاوہ کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کے شعبے میں بھی خصوصی توجہ دینے پر زور دے رہے ہیں جب کہ کپتان لارڈز میں کامیابی کے بعد سیریز 1-1 سے برابر کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستانی 15 رکنی اسکواڈ میں کپتان اظہرعلی، شرجیل خان، محمد حفیظ،شعیب ملک، سرفراز احمد، بابراعظم، سمیع اسلم، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد نواز، محمد عامر، عمر گل، وہاب ریاض اور یاسر شاہ شامل ہیں جب کہ انگلش ٹیم کی قیادت این مورگن کریں گے جنہیں اسکواڈ میں معین علی، جونی بریسٹو، جوز بٹلر، جیک بیل، لیام ڈاؤسن، الیکس ہیلز، کرس جورڈن، لیام پلنکٹ، جوئے روٹ، جیسن رائے، عادل رشید، ڈیوڈ ولے، کرس ووکس، بین اسٹوک اور مارک ووڈ کی خدمات حاصل ہیں۔