کارڈف:(اے پی پی) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ (آج) اتوارکو کارڈف میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈے ہوگا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ میزبان ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز میں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، انگلینڈ نے گرین شرٹس کو پہلے ون ڈے میں 44 رنز سے شکست دی تھی، دوسرے ون ڈے میں 4 وکٹوں سے ہرایا تھا اور تیسرے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو بڑے مارجن 169 رنز سے جبکہ چوتھے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 4-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے۔ گرین شرٹس گوکہ سیریز میں کم بیک کا موقع گنوا چکی ہیں اور سیریز سے بھی ہاتھ دھو چکی ہے تاہم دوسری جانب انگلش ٹیم عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں پاکستان کے خلاف کلین سوئپ کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری میچ آج اتوار کارڈف میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی میچ 7 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔