لیڈز:(اے پی پی) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ آج کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ایک روزہ میچ آج لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم میں وہاب ریاض کی جگہ محمد عرفان کو شامل کئے جانے کا امکان ہے جب کہ محمد عامر کو بھی آرام دے کر عمر گل کو واپس لایا جا سکتا ہے، تیسرے میچ میں گھٹنے کی انجری کے باعث شرکت نہ کرنے والے عماد وسیم اگر فٹ ہوئے تو انھیں بھی ٹیم پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے، عماد وسیم کے ٹیم میں آنےکی صورت میں محمد نواز یا شعیب ملک کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ سیریز تو ہاتھ سے نکل چکی لیکن میچ جیت کر خسارہ کم کرنے اور ٹیم کے وقار کو بحال کرنے کی پوری کوشش کریں گے- انگلینڈ کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان پر تین صفر کی واضح برتری حاصل ہے۔ انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف تیسرے ون ڈے میں ریکارڈ 444 رنز بنائے تھے جس میں اظہر الیون کو 169 رنز سے شسکت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔