خبرنامہ

پاکستان اور بھارت کی سیریز کے امکانات دم توڑنے لگے

لاہور (ملت + آئی این پی) روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے انعقاد سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ دونوں ممالک کے درمیان 2014ء میں ایم او یو سائن ہوا تھا، تاہم بھارتی بورڈ اس سیریز کے بارے میں تذبذب کا شکار ہے۔ ممکنہ صورتحال کے مطابق اس سیریز کے امکانات معدوم ہونے لگے ہیں۔ بورڈ حکام کے مطابق اس سیریز کے معطل ہونے پر پی سی بی کو شدید مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا۔بھارت کی جانب سے سنجیدگی نہ دکھانے پر بورڈ حکام نے بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیموں سے رابطہ قائم کر لیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ رواں سال موسمِ سرما میں بنگلا دیش یا سری لنکا کی ٹیمز میں سے کوئی ایک ہوم سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی۔لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کے بعد سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے شکوک و شبہات کافی حد تک دور ہو گئے ہیں۔ پی سی بی پاکستان میں مزید میچز کروانے کیلئے اپنا لائحہ عمل بنا رہا ہے، تاکہ پوری دنیا میں پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے مثبت پیغام جائے۔ اس سلسلہ میں سری لنکا اور بنگلا دیش کے سیکیورٹی ماہرین کا جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔