خبرنامہ

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ کل سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا

کرائسٹ چرچ(ملت + آئی این پی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ (کل)جمعرات سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا، کپتان مصباح الحق بحیثیت کپتان اپنے 50ویں ٹیسٹ کو یادگار بنانے کیلئے پر عز م ہیں، پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات اڑھائی بجے شروع ہوگا۔ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کی کھیل کے تینوں شعبوں میں سخت پریکٹس جاری ہے،پاکستان کے نئے بالنگ کوچ اظہر محمود نے بالروں کو باؤنسی وکٹوں پر بالنگ کے گر سکھائے،پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین اب تک 53ٹیسٹ میچ کھیلے جاچکے ہیں،جن میں پاکستان کو کیویز پر واضح برتری حاصل ہے۔55ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان نے 24اور میزبان نیوزی لینڈ صرف 8میچوں میں فتح حاصل کرسکاہے جبکہ 21بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے،نیوزی لینڈر میں دونوں حریف21 مرتبہ ٹکرائے اور یہاں بھی پاکستان سر فراز رہا۔ شاہینوں نے 10 میں کیویز کا شکار کیا۔ نیوزی لینڈ اپنے ہی ہوم گراؤنڈ میں 5 ٹیسٹ اپنے نام کر سکا، جبکہ 14 ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2014 میں ہوئی تھی، جن میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کرائسٹ چرچ کرکٹ گراؤنڈ پر بھی میزبان پر برتری حاصل ہے،دونوں ٹیموں کے مابین کرائسٹ چرچ میں پانچ ٹیسٹ کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے 2اور میزبان نے 1ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کی جبکہ 2ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجہ ختم ہوئے،کل سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے حوالے سے نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف فتح کا انتظار ہے، لیکن شاہین بھی کیویز کے ان خوابوں کو چکنا چور کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ پاکستانی ہیڈ کوچ مکی آرتھر نیوزی لیند کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کیلئے پرعزم ہیں۔ہیڈکوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔