خبرنامہ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آخری کرکٹ ٹیسٹ شروع ہو گا

شارجہ ۔ 28 اکتوبر (ملت + اے پی پی) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل) اتوار سے شارجہ میں شروع ہو گا، گرین شرٹس کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کالی آندھی کو 56 رنز اور دوسرے ٹیسٹ میں 133 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی۔ شاندار فتوحات کے بعد پاکستانی ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی کالی آندھی کو آخری ٹیسٹ میں بھی زیر کر کے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش کرنے کیلئے پر عزم ہیں، دوسری جانب شکست خوردہ ویسٹ انڈین ٹیم آخری ٹیسٹ جیت کر دورے کا شاندار انداز سے اختتام کرنے کی خواہاں ہے تاہم گرین شرٹس کی حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے آخری ٹیسٹ میں بھی فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔