خبرنامہ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آخری کرکٹ ٹیسٹ کل سے شروع ہو گا

شارجہ (ملت + آئی این پی) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ اتوار سے شارجہ میں شروع ہو گا، گرین کیپس کو سیریز میں 2۔0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کالی آندھی کو 56 رنز اور دوسرے ٹیسٹ میں 133 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی۔دبئی ابوظہبی کے بعد قومی شاہینوں نے شارجہ میں بھی اونچی اْڑان بھرنے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔دو صفر کی واضح برتری لیے پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں میدان میں اترے گی۔ویسٹ انڈیز کیخلاف ’’مشن کلین سویپ‘‘ کیلئے پاکستانی مشقیں اختتامی مراحل میں پہنچ گئیں۔ کھلاڑیوں نے شارجہ میں بھرپور ٹریننگ سے لہو گرمایا،فیلڈنگ ڈرلز پر خصوصی توجہ دی گئی، سلپ فیلڈرز کا بھی سیشن ہوا۔ نیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس بھی کی گئی۔