لاہور:(اے پی پی) مزید 7 اسٹارز پاکستان سپر لیگ میں جگمگانے کو تیار ہوگئے، معین علی، جیسن روئے، اسٹیون فن، جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ، وین پارنیل اور اینٹن ڈیوچ نے دوسرے ایڈیشن کیلیے دستیابی ظاہر کردی۔ پاکستان سپر لیگ کا دوسرا ایڈیشن آئندہ سال فروری میں یواے ای کے میدانوں کی رونقیں بڑھائے گا، پاک ویسٹ انڈیز سیریز امارات میں شیڈول ہونے کی وجہ سے کرکٹرز کے ڈرافٹ بھی اکتوبر میں دبئی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی سی بی اعلامیے کے مطابق دنیائے کرکٹ کے مزید کئی بڑے اسٹارز نے پی ایس ایل میں شرکت پر رضامندی ظاہر کردی، ان میں انگلش آل راؤنڈر معین علی،بیٹسمین جیسن روئے، پیسرز اسٹیون فن،جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ، جنوبی افریقی وین پارنیل اور نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر اینٹن ڈیوچ شامل ہیں۔اس سے قبل سابق کیوی کپتان برینڈن میک کولم،انگلش ون ڈے اور ٹوئنٹی 20ٹیم کے قائد ایون مورگن، ویسٹ انڈین آل راؤنڈر کیرن پولارڈ، اسپنر سنیل نرائن، پیسرز پروٹیزایلبائی مورکل اور سری لنکن لیستھ مالنگا بھی دوسرے ایڈیشن کیلیے دستیابی ظاہرکرچکے ہیں، پی ایس ایل کے منتظمین آسٹریلوی پیسر مچل جانسن کیساتھ بھی رابطے میں اور ایونٹ کا حصہ بنانے کے حوالے سے پر امید ہیں۔ ڈرافٹ سسٹم کے تحت گذشتہ ایڈیشن میں سب سے آخر میں پلیئرز چننے کا اختیار رکھنے والی لاہور قلندرزکواس بار سب سے پہلے یہ حق حاصل ہوگا،اس کے بعد کراچی کنگز، پشاور زلمی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی باری آئے گی، گذشتہ ایونٹ میں سب سے پہلے کھلاڑی منتخب کرنے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کا نمبر اس بار سب سے آخر میں آئیگا۔