اسلام آباد: پاکستان سکوائش فیڈریشن نے ایشین جونیئر انفرادی سکوائش چیمپیئن شپ کے لئے 6رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ پیر کو پی ایس ایف کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایونٹ کے لئے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں عباس زیب، فرحان ہاشمی، حارث قاسم، اسداللہ، حمزہ خان اور اشب عرفان شامل ہیں، عباس زیب اور فرحان ہاشمی انڈر 19، حارث قاسم اور اسد اللہ انڈر 17 جبکہ حمزہ خان اور اشب عرفان انڈر 15 کیٹگریز کے مقابلوں میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ پی ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ ایونٹ کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پیر کو مصحف علی سکوائش کملیکس اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے۔ کیمپ میں 3کھلاڑیوں نے رپورٹ کر دی ہے جبکہ باقی کھلاڑی ایک دو روز میں کیمپ جوائن کرلیں گے۔ واضح رہے کہ چیمپیئن شپ 26 سے 29 ستمبر تک بھارت میں کھیلی جائے گی ۔