خبرنامہ

پاکستان صحرائے عرب میں کالی آندھی کی میزبانی کیلیے تیار

لاہور:(اے پی پی ) پاکستان صحرائے عرب میں کالی آندھی کی میزبانی کیلیے تیار ہے،سیریز کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا گیا، ستمبر سے نومبرتک ہونے والی سیریز تینوں فارمیٹ کے 3،3میچز پر مشتمل ہوگی، دبئی میں تاریخی نائٹ ٹیسٹ کی تیاری کیلیے ویسٹ انڈین ٹیم ای سی بی الیون سے آئی سی سی اکیڈمی کی مصنوعی روشنیوں میں 2 روزہ ٹور میچ 3اور4اکتوبر کو کھیلے گی. سری لنکن ٹیم کی بس پر لاہور میں دہشت گردوں کا حملہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کو ختم کر گیا،اس کے بعد سے میدان مقابلوںکو ترس رہے ہیں، پی سی بی بھاری بھرکم اخراجات کے باوجود اپنی ہوم سیریز یواے ای میں کرانے پر مجبور ہے، مالی خسارے کو کم کرنے کیلیے ویسٹ انڈیز کی میزبانی سری لنکا میں کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تھی لیکن وہاں موسم کی مداخلت کو پیش نظر رکھتے ہوئے بالآخر کیریبیئنز کا امارات میں ہی استقبال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ستمبرسے نومبر تک ہونے والی سیریز 3ٹی ٹوئنٹی، اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹیسٹ پر مشتمل ہوگی، پی سی بی کی جانب سے مقابلوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈین ٹیم ای سی بی الیون کے ساتھ مختصر فارمیٹ کا ایک ٹور میچ 20ستمبر کو دبئی کے آئی سی سی اکیڈمی گرائونڈ پرکھیلے گی، ابتدائی دونوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 23اور24ستمبر کو دبئی میں ہونگے،اس طرز کے تیسرے اور آخری میچ کا 27 ستمبرکو ابوظبی میزبان ہوگا۔ ون ڈے سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلے 30ستمبر اور 2 اکتوبر کو شارجہ میں شیڈول کیے گئے ہیں، اس کے بعد مہمان ٹیم 2روزہ ٹور میچ میں 3اور 4اکتوبر کو ای سی بی الیون پر آئی سی سی اکیڈمی میں ہنر آزمائے گی، تیسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں دونوں ٹیمیں 5 تاریخ کو ابوظبی میں مقابل ہونگی، ویسٹ انڈین ٹیم شارجہ اسٹیڈیم کی مصنوعی روشنیوں میں پی سی بی پیٹرنز الیون کیخلاف سہ روزہ ٹور میچ 7سے 9اکتوبر تک کھیلے گی۔ اس مقابلے میں مہمان ٹیم کو نئی تاریخ رقم کرنے والے نائٹ ٹیسٹ کی تیاری کا موقع ملے گا جو 13 سے17اکتوبر تک دبئی میں رکھاگیا ہے، ابوظبی21 سے25اکتوبر تک دوسرے میچ کا میزبان ہوگا، تیسرا اور آخری ٹیسٹ 30 اکتوبر سے 3نومبر تک شارجہ میں ہوگا۔ یاد رہے کہ دبئی میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا ڈے نائٹ میچ ہوگا، اولین مقابلہ گذشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں ہوا تھا، آئی سی سی کی طرف بھرپور حوصلہ افزائی کیے جانے پر پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کو مصنوعی روشنیوں میں طویل فارمیٹ کا میچ کھیلنے کی تجویز دی تھی۔ جس نے اس نوعیت کے مقابلوں کی پریکٹس نہ ہونے کے سبب ابتدا میں توقف کا اظہار کیا، تاہم پاکستان کی جانب سے ڈے اینڈ نائٹ ٹور میچ شیڈول کیے جانے پر رضامندی ظاہر کردی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو رواں برس کے آخر میں شیڈول دورئہ آسٹریلیا میں بھی برسبین میں ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے،سیریز کے دوسرے مقابلے میں 15دسمبر کو میزبان کینگروز کا مصنوعی روشنیوں میں سامنا کرنا ہوگا۔