خبرنامہ

پاکستان فارمیٹ کی تبدیلی سے قسمت بدلنے کا خواہاں

پاکستان فارمیٹ کی تبدیلی

پاکستان فارمیٹ کی تبدیلی سے قسمت بدلنے کا خواہاں

ویلنگٹن:(ملت آن لائن) نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹوئنٹی 20 میچ پیر کو ویلنگٹن میں کھیلا جارہا ہے تاہم گرین شرٹس فارمیٹ کی تبدیلی سے قسمت بدلنے کے خواہاں ہیں۔

پاکستان کو نئے سال کے آغاز پر نیوزی لینڈ کے شہر در شہر ایک روزہ فارمیٹ میں ناکامیوں کا منہ دیکھنا پڑا جس کی وجہ سے 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں وائٹ واش کی خفت ہوئی، اب گرین شرٹس اسی حریف کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز کررہے اور پرامید ہے کہ فارمیٹ کے ساتھ ان کی قسمت بھی پلٹا کھائے گی۔

پاکستان ٹیم ناقابل پیشگوئی خیال کی جاتی ہے جبکہ آخری دو ون ڈے میچز میں وہ کافی مسابقتی بھی رہی تھی اس لیے مختصر ترین فارمیٹ میں بہتر مقابلے کی توقع ہے۔ گرین شرٹس نے کیویز پر آخری فتح ٹوئنٹی 20 میں ہی ٹھیک دو برس قبل ایڈن پارک میں حاصل کی تھی، اس طرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ نمبر ون اور پاکستان دوسرے نمبر پر ہے تاہم سیریز میں 2-1 یا اس سے بہتر مارجن کے ساتھ کامیابی کی صورت میں گرین شرٹس دوبارہ نمبر ون سائیڈ بن سکتے ہیں تاہم اس طرز میں وائٹ واش چوتھے نمبر پر بھی پہنچا سکتا ہے۔
بابر اعظم ایک روزہ سیریز میں انتہائی ناکام رہے جہاں پر انھوں نے 6.20 کی اوسط سے صرف 31 رنز بنائے، انھیں فوری طور پر فارم میں واپس آنا ہوگی، گرین شرٹس کو احمد شہزاد جوائن کرچکے ہیں جوکہ قدرے بہتر ٹی 20 فارم میں ہیں جبکہ حالیہ ڈپارٹمنٹل کپ میں بھی انھوں نے اپنی بیٹنگ سے متاثر کیا ہے۔

گروئن انجری کی وجہ سے آخری ون ڈے نہ کھیل پانے والے حسن علی کی واپسی متوقع ہے اگر وہ نہیں کھیل پائے تو رومان رئیس کو میدان میں اتارا جائے گا، اسی طرح عامر بھی میدان میں اتریں گے۔ عمر امین کہتے ہیں کہ ایک روزہ سیریز میں بیٹنگ نے ہمیں مایوس کیا مگر اب وہ سیریز ماضی بن چکی، یہ نیا فارمیٹ اور اس میں ہم دوسرے نمبر پر موجود ہیں، ہم ان مقابلے میں یکسر مختلف ٹیم دکھائی دیں گے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے پہلے ہی اس سیریز میں اپنے کھلاڑیوں کو باری باری آرام دینے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت پیر کو بولٹ اور فرگوسن میدان میں نہیں اتریں گے۔ ویلنگٹن میں دن کو بارش کا امکان ہے تاہم میچ چونکہ کیوی ٹائم کے مطابق شام کو شروع ہونا ہے اس لیے تب تک موسم صاف ہونے کی پیشگوئی موجود ہے، وکٹ فلیٹ اور مقابلہ ہائی اسکورننگ ثابت ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

اس وینیو پر سب سے بڑا اسکور بھی ان ہی دو ٹیموں کے درمیان سامنے آیا تھا جب میزبان ٹیم نے 196 رنز بنائے تھے اور جواب میں گرین شرٹس کو 95 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جوکہ اس طرز میں ان کی اب تک کی سب سے بڑے مارجن کی شکست ہے۔

میزبان اوپنر مارٹن گپٹل کو ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنلز میں 2 ہزار رنز کے سنگ میل پر پہنچنے والے دوسری کیوی بیٹسمین کا اعزاز حاصل کرنے کیلیے مزید 74 رنز درکار ہیں، ان سے بل برینڈن میک کولم اس مقام تک پہنچ چکے ہیں۔میزبان اسپنر ایش سودھی کہتے ہیں پاکستان ایک ناقابل یقین قسم کی ٹیم ہے، ہم مختصر ترین طرز میں دنیا میں نمبر ون ٹیم ہیں لیکن وہ دوسرے نمبر پر موجود اور دونوں ٹیموں میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔