خبرنامہ

پاکستان میں اسکواش کے بین الاقوامی مقابلوں کی بحالی خوش آئند ہے، جہانگیر خان

پاکستان میں اسکواش کے بین الاقوامی مقابلوں کی بحالی خوش آئند ہے، جہانگیر خان

کراچی:(ملت آن لائن) اسکواش کے لیجنڈ کھلاڑی جہانگیر خان نے کہا ہے کہ ایک عشرے سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد پاکستان میں اسکواش کے بین الاقوامی مقابلوں کی بحالی خوش آئند ہے۔ کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ اسکواش چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے انٹرنیشنل اسکواش ایونٹس کے کامیاب انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کے حوالے سے مثبت پیغام گیا ہے، ایونٹس میں معروف غیر ملکی کھلاڑیوں کا پاکستان آکر کھیلنا ایک اچھا اقدام تھا جس کی تعریف کرنی چاہیے اور اس حوالے سے پاکستان اسکواش ایسوسی ایشن کا کردار بھی قابل تعریف ہے۔

سابق عالمی چیمپئن نے کہا کہ پاکستان میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد انٹرنیشنل اسکواش کی بحالی ملک میں اس کھیل کی ترقی میں اہم کردارادا کرے گی اور پاکستان کو اسکواش میں اپنے کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے میں بہت مدد ملے گی، میں کوشش کر رہا ہوں کہ پاکستان کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی ملے اور اس حوالے سے کافی پرامید بھی ہوں۔

جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ اسکواش ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے، مقامی کھلاڑیوں کو بہتر مواقع میسر آئیں گے، ڈی جی پاکستان رینجرز سندھ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد سعید کی کھیلوں کے لیے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ 30 دسمبر تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں مینز اور ویمن ایونٹس کے مقابلے منعقد ہوں گے اور اس میں 80 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔