مانچسٹر:(اے پی پی) پاکستان نے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے جس کے جواب میں گرین شرٹس نے شرجیل خان اور خالد لطیف کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ہدف 14.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور خالد لطیف نے اننگز کا آغاز کیا تو دونوں بلے بازوں نے انگلش بولروں کو مار مار کر ان کا بھرکس نکال دیا۔ دونوں اوپنرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 107 رنز کی شراکت قائم کی۔ شرجیل خان نے 30 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 107 تک پہنچا تو وہ 59 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ خالد لطیف نے بھی 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے اسی طرح بابراعظم بھی 15 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ گرین شرٹس نے ہدف 14.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کیا اور میچ میں تین وکٹیں حاصل کرنے پر وہاب ریاض کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس سے قبل انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو الیکس ہیلز اور جیسن روئے نے ٹیم کو 6 اوورز میں 56 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم 56 کے مجموعی اسکور پر عماد وسیم نے جیسن رائے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جس کے بعد 67 کے مجموعے پر الیکس ہیلز بھی عماد وسیم کا شکار بنے جو 5 چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 37 رنز بنا سکے۔ جوئے روٹ 6، جوز بٹلر 16، کپتان این مورگن 14، بین اسٹوک 4 اور ڈیوڈ ولے 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ معین علی 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3 جب کہ عماد وسیم اور حسن علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد کا بحیثیت کپتان یہ پہلا میچ تھا جب کہ ٹیم میں دو کھلاڑیوں بابراعظم اور حسن علی نے ڈیبیو کیا تھا۔