خبرنامہ

پاکستان نے ویسٹ انڈیزکو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

ابوظہبی:(ملت+اے پی پی) پاکستان نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر مہمان ٹیم کو وائٹ واش کردیا۔ دبئی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے جس کے جواب میں گرین شرٹس نے ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کیا۔ اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور خالد لطیف نے 36 رنز کی شراکت قائم کی تو شرجیل خان 11 رنزبنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد خالد لطیف بھی 40 کے مجموعے پر کیسرک ولیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور وہ 21 رنز بنا سکے۔ تیسری وکٹ کی شراکت پر شعیب ملک اور بابراعظم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا 15.1 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔ شعیب ملک 43 اور بابراعظم 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر عماد وسیم کو مین آف دی میچ اور سیریز میں بھی بہترین کارکردگی پر انہیں مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس سے قبل جانسن چارلس اور آندرے فلیچر نے ویسٹ انڈیز اننگز کا آغاز کیا تو عماد وسیم نے پہلے میچ والی جھلک دکھائی دی اور انہوں نے میچ کے تیسرے ہی اوور کی دوسری گیند پر چارلس کو 5 رنز پر آؤٹ کیا اور اگلی ہی ڈیلیوری پر والٹن کو بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کو پھر سے مشکلات سے دوچار کردیا۔ آندرے فلیچر بھی 17 رنز کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نصف سنچری اسکور کرنے والے تجربہ کار ڈیوان براؤ بھی 11 رنز پر عماد وسیم کا شکار بنے جب کہ پورن 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ویسٹ انڈیز کے مارلن سیمئولز 42 اور کیرون پولارڈ 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آخری معرکے کے لیے دونوں ٹیم میں 2،2 تبدیلیاں کی گئیں، پاکستان نے وہاب ریاض اور حسن علی کی جگہ محمد عامر اور رومان رئیس کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا جب کہ ویسٹ انڈیز نے کیسرک ولیمز اور چیڈوک والٹن کو ٹیم میں شامل کیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد قیادت ملنے کے بعد پہلی مرتبہ مکمل سیریز میں قائدانہ صلاحیتیں دکھا رہے ہیں جس میں وہ کامیاب رہے اور سیریز اپنے نام کرلی ہے۔ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں اور دوسرے میچ میں 16 رنز سے شکست دی تھی۔