شعیب ملک نے 90اور بابر اعظم نے 123رنز کی اننگز کھیل کر مہمان باؤلرز کی درگت بنا دی ،تیسری وکٹ کیلئے 169رنز کی ریکارڈ شراکت سے 5وکٹوں پر 337رنز کا مجموعہ تشکیل
سرفراز احمد نے 60رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ذمہ داری نبھائی ،کیربین ٹیم ہدف کے تعاقب میں 7وکٹوں پر 278رنز تک محدود،59رنز سے شکست کھا گئی ،وہاب کے دو شکا ر شارجہ(سپورٹس ڈیسک)ویسٹ انڈین ٹیم دوسرے ون ڈے میچ میں بھی ناکام ہو گئی جس کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کر لی ۔تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس نے دوسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 59رنز سے ہرا دیا ،گزشتہ روز شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے ،کپتان اظہرعلی اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا اور ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے اچھی شروعات کیں تاہم 40 کے مجموعی سکور پر اظہرعلی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ،کپتان کے آؤٹ ہوتے ہی شرجیل خان بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 12 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنا کر چل دئیے ، اس موقع پرپہلے میچ میں سنچری بنانے والے بابراعظم اور تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ کیلئے 169 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔شعیب ملک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تین چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،عماد وسیم پاکستان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پانچویں بیٹسمین تھے جو 11 رنز بنا سکے ۔ سرفراز احمد نے 60رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کا مجموعہ5وکٹوں پر 337رنز تک پہنچا دیا ۔رضوان 6رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر اور الزیری جوزف نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔338رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان 3 رنز پر ہی اٹھانا پڑا جب جانسن چارلس 2 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے تاہم ڈیرن براوو نے کریگ بریتھویٹ کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی۔ڈیرن براوو اور بریتھویٹ کے درمیان دوسری وکٹ پر 89 رنز بنے ۔بریتھویٹ 39رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے تو براوو بھی 61رنز بنا کر رن آؤٹ ہو کر چل دئیے ،بعد ازیں وہاب ریاض نے 57رنز بنانے والے سیموئلز کی وکٹیں بکھیر دیں ،رامدین 34،پولارڈ 22اور کارلوس بریتھویٹ 14رنز بنا سکے جبکہ کپتان جیسن ہولڈر31اور نارائن ایک رن کیساتھ ناقابل شکست رہے اور ویسٹ انڈین ٹیم مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 278رنز بنا سکی ،پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض 2وکٹیں حاصل کرکے کامیاب باؤلر رہے ،شاندار سنچری پر بابر اعظم کو مردمیدان قرار دیا گیا ۔