خبرنامہ

پاکستان نے کالی آندھی کے خلاف تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں ٹیسٹ میچز کی چوتھی سنچری مکمل کر لی

اسلام آباد ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ میچز کی چوتھی سنچری مکمل کر لی، گرین شرٹس چارسو ٹیسٹ کھیلنے والی دنیا کی ساتویں ٹیم بن گئی، گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والے تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں شرکت کے ساتھ ہی یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز بھی یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ میچز کھیلنے کا عالمی اعزاز انگلینڈ کے پاس ہے جس نے 976 میچز کھیل رکھے ہیں، آسٹریلیا 791 میچز کے ساتھ دوسرے، ویسٹ انڈیز 517 میچز کے ساتھ تیسرے، بھارت 502 میچز کے ساتھ چوتھے، نیوزی لینڈ 415 میچز کے ساتھ پانچویں، جنوبی افریقہ 402 میچز کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے پہلا ٹیسٹ بھی 1952ء میں اکتوبر کے مہینے میں کھیلا تھا اور اب وہ چارسواں ٹیسٹ بھی اکتوبر میں کھیل رہی ہے، گرین شرٹس نے 399 میچز میں 129 فتوحات حاصل کیں، 113 ہارے جبکہ 158 ڈرا ہوئے۔