خبرنامہ

پاکستان کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 264 رنز کا ہدف

پرتھ:(ملت+اے پی پی) پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 264 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن (واکا) گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنا کر میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 264 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان محمد حفیظ اور شرجیل خان نے کیا، چوتھے اوور میں شرجیل خان نے اسٹین لیک کو ایک چھکا اور 3 لگا تار چوکے جڑ کر 20 رنز بٹورے لیکن پانچویں اوور کی پہلی ہی گیند پر جوش ہیزل ووڈ نے محمد حفیظ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا، انہوں نے 4 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شرجیل خان 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلنے کے بعد ٹریوس ہیڈ کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اسد شفیق بھی 5 رنز بنا کر ٹریوس ہیڈ کی گیند پر عثمان خواجہ کے ہاتھوں میں گیند تھما بیٹھے۔ بابر اعظم اور شعیب ملک کے درمیان 63 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور 39 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک اسٹین لیک کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ بابر اعظم نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ایک روزہ میچوں میں اپنے ہزار رنز بھی مکمل کئے۔ بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ میں سر ویون رچرڈز کا تیز ترین ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کیا اور اس ہندسے کو عبور کرنے کیلئے انہوں نے 21 میچوں کو سہارا لیا۔ عمر اکمل بھی 39 رنز بنا سکے جبکہ عماد وسیم 9 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے، محمد رضوان نے 14 اور عامر نے 4 رنز بنائے۔ پاکستان نے آخری 10 اوورز میں 4 وکٹیں گنوا کر 50 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3، ٹریوس ہیڈ نے 2 جب کہ اسٹین لیک اور پیٹ کمنز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا نے اننگز میں مجموعی طور پر 15 رنز ایکسٹرا بھی دیئے۔