خبرنامہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مینیجنگ ڈائریکٹر کا نیا عہدہ متعارف کرادیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلی کے لیے چیئرمین احسان مانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی موجودگی میں مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کا نیا عہدہ متعارف کرایا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ نے چیئرمین کو ایم ڈی کے نئے عہدے کی تقرری کا اختیار دے دیا ہے، جس کے بعد پی سی بی نے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے اشتہار دے دیا۔

واضح رہے کہ احسان مانی نے ایک سرکولر کے ذریعے 12 اکتوبر کو گورنگ بورڈ سے ایم ڈی کی تقرری کی اجازت مانگی تھی۔ انہوں نے اس نئی تقرری کے لیے وزیراعظم عمران خان کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کی تقرری کے بعد چیئرمین کے انتطامی اختیارات کم کردیئے جائیں گے جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر بدستور کام کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں ایم ڈی کا عہدہ نہیں ہے۔ احسان مانی نے دیگر ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں سے متاثر ہو کر یہ اہم ترین اور ہائی پروفائل عہدہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے انتظامی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنا چاہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ایم ڈی کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور وفاقی حکومت سے روابط کو بہتر بنانے کا ٹاسک دیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر ایم ڈی کو 3 سال کے پر کشش معاہدے کی پیشکش کی جائے گی۔

عہدے کے لیے قابلیت ماسٹرز اور زیادہ سے زیادہ عمر55 سال رکھی گئی ہے اور خواہش مند افراد 12 نومبر تک درخواست جمع کراسکتے ہیں۔

اشتہار کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے میچ پاکستان میں کرانے اور اسٹرکچر میں بہتری لانا ایم ڈی کی انتظامی ذمے داریوں میں شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کے لیے زاہد نورانی، سلیم الطاف اور عارف عباسی مضبوط امیدوار ہیں۔

ایم ڈی کے پاس بورڈ کے زیادہ تر انتظامی اختیارات ہوں گے۔ چیئرمین کا کام پالیسی بنانا ہوگا جبکہ اس پر عمل درآمد ایم ڈی کرائے گا۔

دوسری جانب بورڈ میں بڑے پیمانے پر ڈاؤن سائزنگ ہوگی اور پرپلس اور نااہل ملازمین کو فارغ کردیا جائے گا۔

اس سے قبل پی سی بی میڈیا کے سربراہ کا عہدہ بھی مشتہر کرچکا ہے جبکہ ڈائریکٹرمارکیٹنگ نائیلہ بھٹی، نجم سیٹھی کے قریب ہونے کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکی ہیں۔