خبرنامہ

پاکستان کرکٹ ٹیم دبئی سے نیوزی لینڈ روانہ

دبئی (ملت + آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے متحدہ عرب امارات سے نیوزی لینڈ کیلئے روانہ ہوگئی،پہلا ٹیسٹ 17نومبر کو کرائسٹ چرچ جبکہ دوسرا 25 نومبر سے ہملٹن میں کھیلا جائیگا۔ٹیسٹ میچز سے قبل دو وارم میچز بھی کھیلے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز دو ایک سے جیتنے کے بعدپاکستان ٹیم کی اگلی منزل نیوزی لینڈ ہے جس کے لئے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کپتان مصباح الحق کی قیادت میں جمعہ کو دبئی سے کیویز کے دیس روانہ ہوئی۔نیوزی لینڈ کے مختصر دورے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو دو ٹیسٹ کھیلنا ہیں۔ پہلا ٹیسٹ 17نومبر کو کرائسٹ چرچ جبکہ دوسرا 25 نومبر سے ہملٹن میں کھیلا جائیگا۔ٹیسٹ میچز سے قبل دو وارم میچز بھی کھیلے جائیں گے، ٹیسٹ سیریز سے پہلے پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ اے کے خلاف نیلسن میں تین روزہ فرسٹ کلاس میچ کھیلے گی۔کرکٹ نیوزی لینڈ نے میچ کیلئے اے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، ہنری نکولس ٹیم کی قیادت کریں گے۔نیوزی لینڈ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان ٹیم مکمل سیریز کے لئے آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی۔