خبرنامہ

پاکستان کو باقاعدہ ٹیسٹ کی نمبر ون ٹیم کا اعزاز’گرز‘ دے دیا گیا

لاہور:(اے پی پی)اکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ون بننے پر آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم کے نمبر ون اعزاز ’گرز‘ سے نوازا گیا۔ ٹیسٹ میں نمبر ون ٹیم بننے پر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت بورڈ کے دیگر حکام نے شرکت کی، تقریب میں آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈ سن نے ٹیسٹ کی نمبر ون ٹیم بننے پر قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ٹیسٹ کی نمبر ون ٹیم کی ٹرافی ’ گرز‘پیش کی۔ اس موقع پر قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے آئی سی سی کی جانب سے نمبر ون ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز ملنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 2010 سے تمام میچز ملک سے باہر کھیلے۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان اور لیڈر کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا، ہم نے ایک ٹیم بن کر کھیلا جس کا صلہ مل گیا ہے لیکن اب نمبر ون کی پوزیشن کو برقرار رکھنا ہمارے لیے چیلنج ہے۔ چیف ایگزیکٹو آئی سی سی ڈیو رچرڈ سن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ سمیت بہترین بولنگ کا ٹیلنٹ موجود ہے جب کہ نمبر ون بننے کے لیے تسلسل لانا ہوتا ہے اور مصباح الحق کی ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی خواہش ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو لیکن پاکستان میں حالات بہتر نہیں لہذا امید ہے پاکستان میں جلد حالات بہترہوں گے۔