خبرنامہ

پاکستان کی پہلی بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے قیام کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) پا کستان میں متعین آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن اور چئیرمین پاکستان بلائنڈ کر کٹ کونسل سیّد سلطان شاہ نے پاکستان کی پہلی بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم کے قیام کا اعلان کر دیا۔ قومی ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان میں اگلے سال جنوری میں نیپال کی ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم کیخلاف اپنی پہلی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلے گی جو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین رواں سال جولائی میں کھیلی گئی سیریز کے بعد دوسری سیریز ہوگی۔ اس موقع پر مارگریٹ ایڈمسن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کیلئے بے پناہ جذبہ پایا جاتا ہے اور ہمیں بے حد خوشی ہے کہ ہم پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو بینائی سے محروم خواتین اور لڑکیوں کو کرکٹ کے کھیل میں فروغ دینے کیلئے سپورٹ کر رہے ہیں۔ معاشرے میں کسی بھی معذوری کی شکار خواتین اور لڑکیوں کو اگر مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف صحت مند مقابلے کاحصّہ بن سکتی ہیں بلکہ جسمانی صلاحتیوں کا بھی مظاہرہ کر سکتی ہیں، کھیل جنس نسبت اور معذور لوگوں سے منسلک منفی تصور کو کم کرتا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلین ہائی کمیشن نے بلائنڈ ویمنز کرکٹرز کیلئے لاہور کے کنیرڈ کالج میں 26 ستمبر تا یکم اکتوبر تک جاری6 روزہ ٹریننگ کیمپ کو سپانسر کیا۔ ٹریننگ کیمپ میں پورے پاکستان سے بصارت سے محروم خواتین اور لڑکیوں نے حصّہ لیا جہاں ہیڈ کوچ نفیس احمد ودیگر کوچز نے کھلاڑیوں کو کھیل کے قوانین اور فزیکل فٹنس کی تربیت دی۔ واضح رہے کہ ہیڈ کوچ نفیس احمد کی کوچنگ میں قومی مینز بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے2002 ء اور 2006ء کے ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی تھی۔ ٹریننگ کیمپ کے آخری روز 10 اوورز کا میچ بھی کھیلا جس میں ہیڈ کوچ نفیس احمد نے کھلاڑیوں کو کھیل کے دوران اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر حصہ لینے کا جذبہ پیدا کیا۔ مس ایڈمسن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کا کھیل جنون کی حد تک پسند کیا جاتا ہے۔ ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا قیام ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔ چےئرمین پی بی سی سی سیّدسلطان شاہ نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ایک مسابقتی کھیل ہے جو بصارت سے محروم کھلاڑیوں کو ایک عزم کاجذبہ دیتی ہے اورمستقبل میں کامیابی کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ بلائنڈ کرکٹ کی ایجاد کا سہرا بھی آسڑیلیا کو جاتا ہے جسے 1922ء میں میلبورن کی ایک فیکٹری کے دو بینائی سے محروم ملازمین نے ایک ٹن میں پتھر کے ساتھ کھیل کر شروع کی۔ 1928ء میں بینائی سے محروم افراد کیلئے کویونگ میلبورن پہلا سپورٹس گراؤنڈ اور کلب ہاؤس قائم کیا گیا۔ پچیس 25)) کھلاڑیوں کی فہرست ساتھ لف ہے، جن میں سے پاکستان ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی پندرہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔