خبرنامہ

پاکستان ہاکی فیڈریشن نیشنل انٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کرے گی، نوید عالم

لاہور(ملت ،اے پی پی )) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نیشنل انٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹ 24 اکتوبر سے ملک بھرکے 144 اضلاع میں شروع ہوگا ،فیڈریشن ایونٹ کیلئے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کرے گی جبکہ دیگر اخراجات متعلقہ اضلاع کے ڈی سی او سپورٹس فنڈز سے کریں گے۔ پی ایچ ایف کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اولمپئن نوید عالم نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ گزشتہ دس برس سے کلب ہاکی کی سرگرمیاں معطل تھیں جس کے باعث نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آرہا تھا موجودہ فیڈریشن نے اس جانب بھرپور توجہ دیتے ہوئے سکول اور کلب ہاکی کا دوبارہ اجراء کرنے کا فیصلہ کیااور انٹر کلب ٹورنامنٹ اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انٹرکلب ٹورنامنٹ2 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ملازمت دینے کیلئے فیڈریشن اپنا کردار بھی ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ صوبائی ایسوسی ایشنوں کوصوبائی بورڈز اور ڈسٹرکٹس کو ڈی سی او آفس کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے اس ساری ایکسرسائز کو مانیٹر کرنے کیلئے چیک اینڈ بیلنس کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے جوپی ایچ ایف ریپ اور منتخب تنظیموں کے تحت کام کرے گا جبکہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کا آفس ویڈیو لنک کے ذریعے اس کی براہ راست نگرانی کرے گا۔ نوید عالم نے بتایا کہ انٹرکلب مقابلوں پر آنے والے بھاری اخراجات میں فیڈریشن پانچ کروڑ روپے کا حصہ ڈالے گی جبکہ باقی اخراجات ڈی سی او اپنے سپورٹس فنڈز سے کریں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہاکی صرف ایک صوبے کا نہیں بلکہ پاکستان کا کھیل ہے اور ہر ادارے کو اس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ملک بھر سے کمشنرز اورڈی سی اوز کی اکژیت نے فیڈریشن کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ایچ ایف نے ہاکی میں سیاست سے کھیل کونقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالہ سے کوئی بھی شخص بذریعہ ٹیلی فون یا ای میل پی ایچ ایف سے رابطہ کرسکتا ہے۔ صوبائی سطح کے فائنل اور نیشنل راؤنڈلیگ سسٹم کے تحت کھیلے جائیں گے جنہیں ٹی وی پربراہ راست دکھانے کیلئے مذاکرات جاری ہیں ۔ ایک سوال پر نوید عالم کاکہنا تھاکہ ہم پاکستان ہاکی میں وہ سسٹم لانا چاہتے ہیں جس سے شہبازسینئر، حسن سردار جیسے عظیم کھلاڑی پیدا ہوئے اوراس مقصدکیلئے کوچ کے کردار کو نمایاں کیا جائے گا ۔