خبرنامہ

پریکٹس میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ الیون کو 120 رنز سے ہرا دیا

پریکٹس میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ الیون کو 120 رنز سے ہرا دیا

نیلسن (ملت آن لائن) نیوزی لینڈ الیون کے خلاف پریکٹس میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ الیون کو 120 رنز سے ہرا دیا۔ پاکستانی اوپنرز اظہر علی اور فخر زمان کی سنچریز نے میزبان ٹیم کے خلاف تین سو اکتالیس رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، جوابی اننگز میں کیویز 221 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔

نیلسن میں بارش کے برسنے کے ایک روز بعد قومی اوپنر خوب گرجے، پریکٹس میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے فخر زمان نے تگڑا سینکڑہ جڑتے ہوئے ایک سو چھ رنز کی سپر اننگز کھیلی، ان کے بارہ چوکوں اور تین چھکوں نے حریف بولرز کے گویا خوب چھکے چھڑائے۔

منجھے ہوئے بلے باز اظہر علی ایک سو پانچ گیندوں پر ایک سو چار رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، بابر اعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک تو بڑی اننگز نہ کھیل سکے، کپتان سرفراز احمد نے اکیس، شاداب خان چوبیس اور حسن علی نے برق رفتار چھتیس رنز کا اضافہ کیا۔ تین سو بیالیس رنز کے ہدف نے گویا میزبان نیوزی لینڈ الیون کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا اور ایک ایک کر کے پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی ۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 ، فہیم اشرف نے دو ، محمد عامر ، رومان رئیس ، حسن علی اور فخر زمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔