خبرنامہ

پلے آف میں شکست ،اسلام آباد یونائٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے خراب بیٹنگ کا نتیجہ قرار دیدیا

شارجہ (ملت + آئی این پی) اسلام آباد یونائٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے اپنی ٹیم کے پاکستان سپر لیگ سے باہر ہونے پر سخت مایوسی ظاہر کرتے ہوئے اسے خراب بیٹنگ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔اسلام آباد یونائٹڈ جس نے پہلی پاکستان سپر لیگ جیتی تھی اس مرتبہ دوسرے پلے آف میں کراچی کنگز کے ہاتھوں چوالیس رنز سے شکست کھاکر باہر ہوگئی ہے۔مصباح الحق نے میچ کے بعد کہا کہ کراچی کنگز کے بولرز نے اچھی بولنگ کرتے ہوئے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں اور دباؤ ڈالتے رہے جبکہ اسلام آ باد یونائٹڈ کی بیٹنگ انتہائی مایوس کن رہی۔مصباح الحق نے کہا کہ اگرچہ وکٹ میں باؤنس کم تھا لیکن اس کے باوجود ایک سو چھبیس رنز کا ہدف حاصل کیا جاسکتا تھا۔مصباح الحق نے یہ تسلیم کیا کہ اسلام آباد یونائٹڈ کی ٹیم ان کی بیٹنگ پر بہت انحصار کررہی تھی لیکن اس پریشر گیم میں ان کی جانب سے بڑی اننگز نہ کھیلنا بھی شکست کی ایک وجہ بنی۔انھوں نے اس بات پر سخت مایوسی ظاہر کی کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں پاکستانی شائقین کے سامنے ہوگا اور ان کی ٹیم فائنل میں نہیں ہوگی لیکن انہیں اس بات کی بہرحال خوشی ہے کہ پاکستانی شائقین کے لیے وہ ایک بڑا میچ ہوگا جس کا وہ بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔ان شائقین کی غیرمعمولی دلچسپی ہم زمبابوے کے خلاف میچوں میں دیکھ چکے ہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ وہ پاکستان واپس جاکر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان سے ملاقات کرکے اپنے مستقبل کے بارے میں حتمی جواب سے انہیں آگاہ کردیں گے۔