خبرنامہ

پنجاب کے محمد عمر قومی جونیئر اسنوکر چیمپئن بن گئے

پنجاب کے محمد عمر قومی جونیئر اسنوکر چیمپئن بن گئے

لاہور:(ملت آن لائن) پنجاب کے 14سالہ محمد عمر خان نے تیسری قومی جونیئر انڈر18اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ پنجاب کے 14سالہ محمد عمر خان نے اپنے ہی صوبے کے شیخ محمد مدثر کو فائنل میچ میں 2 فریمز کے مقابلے میں 5 فریمز سے شکست دے کر تیسری قومی جونیئر انڈر18اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ اس جیت کی بدولت محمد عمر خان جولائی2018 میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ جونیئرانڈر18 اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ پاکستان بلیرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے ہونے والی جونیئر انڈر18چیمپئن شپ میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد کے 32 کھلاڑیوں نے لیگ سسٹم کی بنیاد پر شرکت کی۔ فائنل میچ میں پنجاب کے محمد عمر خان نے اپنے سے سینئر کھلاڑی شیخ محمد مدثر کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور بیسٹ آف نائن فریمز فائنل 5-2سے جیت لیا۔ شیخ مدثر نے پہلا فریم 62-41 سے جیت لیا مگر محمد عمر نے دوسرے ہی فریم میں کم بیک کرتے ہوئے یہ فریم 65-42 سے جیت کر مقابلہ1-1سے برابر کردیا۔ اگلا فریم بھی عمر خان نے64-22سے جیت کربرتری حاصل کرلی۔ چوتھے فریم میں مدثر نے بہتر شاٹس کھیل کر یہ فریم53-42سے جیت کر مقابلہ 2-2کردیا تاہم اس کے بعد محمد عمر خان نے لگاتار 3 فریم54-16، 77-28 اور 65-16 سے اپنے نام کرتے ہوئے مقابلہ 5-2 سے جیت کر قومی جونیئر انڈر18چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ خیبر پختونخوا کے محمد کاشف اور محمد واجد نے فائنل میچ کو سپروائز کیا۔ اس موقع پر راولپنڈی بلیرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد عامرخان، ہیڈ کوچ سرمد نثار مرزا، اسلام آباد بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر سلیم اختر رانا، سیکریٹری جنرل محمد فہیم انور،آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم ایونٹ چیمپئن بابر مسیح و دیگر بھی موجود تھے۔