خبرنامہ

پہلے ون ڈے میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، اظہر علی

لندن ۔ 25 اگست (اے پی پی) پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بلے باز اظہر علی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں شکست کے باوجود انکی ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ وہ دوسرے میچ میں مربوط حکمت عملی کے تحت ٹیم کو میدان میں اتاریں گے اور شاندار کم بیک کرتے ہوئے سیریز 1-1 سے برابر کرینگے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے ون ڈے کرکٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 44 رنز سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ (کل) ہفتہ کو کھیلا جائیگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلا میچ شکست کا پوری ٹیم کو بہت افسوس ہوا، انہوں نے کہا ہے کہ انکی ٹیم متحد ہے اور انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار کم بیک کریگی۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ ہے اور انگلینڈ کو دوسرے میچ میں شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کرنے کی بھرپور کوشش کریگی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے کرکٹ میچ (کل) ہفتہ کو کھیلا جائیگا۔