خبرنامہ

پیسر وقاص احمد قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلیے پرعزم

پیسر وقاص احمد قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلیے پرعزم

لاہور:(ملت آن لائن) قائد اعظم ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کی دھاک بٹھانے والے پیسر وقاص احمد قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلیے پرعزم ہیں۔ ایک انٹرویو میں وقاص احمد نے کہا ہے کہ وقار یونس اور وسیم اکرم کی بولنگ دیکھتے ہوئے فاسٹ بولر بننے کا شوق پروان چڑھا، بعد ازاں شعیب اختر کو بیٹسمینوں پر قہر بن کر ٹوٹتے دیکھا تو ان کو اپنا آئیڈیل بنالیا لیکن کوئی سپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے کرکٹ میں میری پیش قدمی سست روی کا شکار رہی۔ وقاص احمد نے بتایا کہ رواں سیزن میں لاہور وائٹس کو قائد اعظم ٹرافی کی کمزور ٹیموں میں شمار کیا جارہا تھا لیکن پلیئرز نے محنت کرتے ہوئے سپرایٹ مرحلے میں جگہ بنائی، میں نے بھی اپنی سو فیصد صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کیلیے اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کی، اندازہ نہیں تھا کہ 52 وکٹوں کیساتھ ایونٹ کا دوسرا کامیاب بولر بن جائوں گا جب کہ اچھی کارکردگی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھتے ہوئے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلیے پر عزم ہوں۔ پیسر نے کہا کہ پاکستان ون ڈے کپ بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا اچھا موقع ہے، اس کا بھرپور فائدہ اٹھائوں گا، کرکٹ کیلیے والد کی ناراضگی مول لینے سمیت کئی قربانیاں دی ہیں، امید ہے کہ محنت کا پھل ضرور ملے گا، چاہتا ہوں کہ پہلے پاکستان اے کی جانب سے کھیلنے کے بعد قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلیے راہ ہموار کروں۔ ایک سوال کے جواب میں وقاص احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ تماشائیوں کی توجہ حاصل کرنے کیلیے تو بہترین فارمیٹ ہے لیکن بولرز کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں، اس طرز کی کرکٹ میں بیٹسمین اچھی ٹائمنگ سے اسٹروک نہ کھیل سکے تب بھی گیند بائونڈری سے باہر جاتی ہے، اس فارمیٹ میں تکنیک سے زیادہ قوت کا امتحان ہوتا ہے۔