خبرنامہ

پیس بیٹری آزمائش سے قبل ہی مسائل کا شکار

پیس بیٹری آزمائش سے قبل ہی مسائل کا شکار
لاہور:(ملت آن لائن) پاکستانی پیس بیٹری آزمائش سے قبل ہی مسائل کا شکار نظر آنے لگی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو جنوری میں دورئہ نیوزی لینڈ کا آغاز کرتے ہوئے 5ون ڈے اور 3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں، چیمپئنز ٹرافی کے بعد کھلاڑیوں کی زیادہ تر سرگرمیاں ایشیائی کنڈیشنز میں رہی ہیں،ورلڈ الیون کی لاہور میں میزبانی، سری لنکا کیخلاف یواے ای میں سیریز، کیریبیئن پریمیئر لیگ، قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ، قائد اعظم ٹرافی، بنگلادیش پریمیئر لیگ اور ٹی 10لیگ میں تقریباً ایک جیسی پچز اور ماحول میں کھیلنے کا موقع ملا،انگلینڈ میں 8ملکی میگا ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد مختلف کنڈیشنز میں پہلا بڑا اور مشکل امتحان دورئہ نیوزی لینڈ میں ہوگا۔ لیگز اور دیگر مصروفیات کی وجہ سے اس کیلیے خصوصی تیاریوں کا موقع ہی نہیں مل پایا لیکن متبادل حل نکالتے ہوئے قومی ٹیم کو قبل ازوقت ہی کیویز کے دیس روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،پاکستان کو ٹور میچ 3جنوری کو نیلسن میں کھیلنا ہے،ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 6تاریخ کو ہوگا لیکن گرین شرٹس 27دسمبرکو ہی نیوزی لینڈ کیلیے اڑان بھر لیںگے۔ قبل ازیں اطلاعات تھیں کہ فٹنس ٹیسٹ لینے کے بعد ہی اسکواڈ کا انتخاب کیا جائے گا لیکن شارجہ میں ٹی 10لیگ کی وجہ سے اتنا وقت ہی باقی نہیں بچا کہ یہ مرحلہ پہلے مکمل کیا جا سکے، امکان یہی ہے کہ جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والے قائد اعظم ٹرافی میچ کے دوران ہی کھلاڑیوں کا اعلان کردیا جائے گا۔ فٹنس ٹیسٹ 23اور 24دسمبر کو ہوں گے،مختصر کیمپ بھی لگانے کا امکان ہے۔ ڈومیسٹک فائنل میں شرکت کے بعد اظہر علی اور محمد حفیظ کو بھی فٹنس ٹیسٹ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا،کسی کرکٹر کی ناکامی کی صورت میں بینچ پاور پر بھروسہ کرنے کی بھی تیاری کرلی گئی ہے،سری لنکا سے ون ڈے سیریز میں کمر کی تکلیف کا شکار ہونے والے عثمان شنواری بحالی فٹنس کیلیے کوشاں لیکن واپسی میں کئی ہفتے مزید لگ سکتے ہیں،ان کا خلا پُرکرنے کیلیے محمد عامر موجود ہوںگے جو آئی لینڈرز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں انجری کا شکار ہونے کے بعد مکمل طور پر فٹ ہوچکے ہیں۔ ٹی10لیگ کے دوران گرتے ہوئے پاؤں پر پورے جسم کا وزن آنے پر حسن علی خاصی مشکل میں نظر آئے تھے۔ البتہ اب انھیں فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں ہے،تشویش کی بات جنید خان کی انجری ہے، بی پی ایل میں صرف 2میچز کھیلنے والے پیسر کا اسکین ہوچکا، اس کی رپورٹ کا بدھ کو میڈیکل پینل جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گا، متبادل کے طور پر کسی نوجوان بولر کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر وہاب ریاض کو دوبارہ آزمانے کا خطرہ مول لینے کو تیار نہیں،پیسر چیمپئنز ٹرافی کے پہلے ہی میچ میں بھارتی بولرزکے ہاتھوں پٹائی کے بعد انجرڈ ہوکر وطن واپس آگئے تھے،وہ صرف ایک میچ کھیل کر دیگر کھلاڑیوں کے برابر انعامی رقم کے حقدار بھی بن گئے لیکن اس کے بعد بھروسے کے قابل نہیں سمجھے گئے،گزشتہ سال انگلینڈ کیخلاف میچ میں 110رنز دیتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کی بدترین بولنگ کا ریکارڈ اپنے نام کے آگے درج کرانے والے وہاب ریاض کو نیوزی لینڈ جانے کا پروانہ ملنے کا امکان نہیں۔