پی او اے کے اجلاس میں بین الصوبائی گیمز کے شیڈول کا اعلان
شلاہور:(ملت آن لائن) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بین الصوبائی گیمز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اسپورٹس کمیشن کا ساتواں اجلاس نائب صدرپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور صدر کے پی اولمپک ایسوسی ایشن سید عقیل شاہ کی زیر صدارت لاہور میں منعقد ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الصوبائی گیمز کا انعقاد 16 سے 21 مارچ تک خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون سے پشاور میں کیا جائے گا۔
مینز ویمنزکے مشترکہ ایونٹس میں آرچری، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، کراٹے، کشتی رانی، اسکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، والی بال، ویٹ لفٹنگ اور ووشو شامل ہیں جبکہ بیس بال، باسکٹ بال، باکسنگ، باڈی بلڈنگ، گالف، جمناسٹک، ہینڈ بال، ہاکی، جوجسٹو، کبڈی، رگبی، شوٹنگ، رسہ کشی اور ریسلنگ کے صرف مینز اور سافٹ بال میں ویمنز مقابلے ہوں گے۔
33 ویں نیشنل قومی گیمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ پی او اے کی معائنہ کمیٹی فروری کے دوسرے ہفتے میں کوئٹہ کا دورہ کرے گی تاکہ ممکنہ طور پر مارچ میں کوئٹہ میں شیڈول پی او اے جنرل کونسل کے اگلے اجلاس میں حتمی فیصلے کیے جاسکیں۔