خبرنامہ

پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ،وفاقی وزیر داخلہ کو ایف آئی اے نے ابتدائی رپورٹ پیش کر دی

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)سپاٹ فکسنگ معاملے پر ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی ،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے مہیا کردہ معلومات اور موجود شواہد کا فارنزک جائزہ لیکر ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا،کھلاڑیوں کے موبائل فونز سے پیغامات مٹائے جانے کے معاملے کا بھی تفصیلی جائزہ لیاجا رہا ہے تاکہ اس بات کی تحقیقات کی جاسکیں کہ کن کھلاڑیوں کا بکیوں سے رابطہ تھا اور ان کے درمیان کیا معاملات طے پائے تھے۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ معاملے پر ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کر دی گئی ہے، ابتدائی رپورٹ میں پی ایس ایل کے دوران سپاٹ فکسنگ کی روک تھام کے حوالے سے کئے گئے اقدامات اور کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کے امکان سے متعلق اہم نکات کی نشاندہی کی گئی ہے،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے مہیا کردہ معلومات اور موجود شواہد کا فارنزک جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا،کھلاڑیوں کے موبائل فونز سے پیغامات مٹائے جانے کے معاملے کا بھی تفصیلی جائزہ لیاجا رہا ہے تاکہ اس بات کی تحقیقات کی جاسکیں کہ کن کھلاڑیوں کا بکیوں سے رابطہ تھا اور ان کے درمیان کیا معاملات طے پائے تھے۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ محض چند کرکٹرز کے ذاتی فعل اور بد عنوانی کا ہی نہیں بلکہ ایسی خبروں سے ملک کی نیک نامی متاثر ہوتی ہے لہذا اس مسئلے کی مفصل اور ہر زاویے سے تحقیقات ضروری ہیں،ایف آئی اے کسی دباؤ یا اثر و رسوخ سے متاثر ہوئے بغیر معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔