خبرنامہ

پی ایس ایل فکسنگ سکینڈل میں چشم پوشی کرنے والے آفیشلز کو بھی سزائیں دینے کا مطالبہ

کراچی (ملت + آئی این پی) قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے فکسنگ کیس میں چشم پوشی کرنے والے آفیشلز کو بھی سزائیں دینے کا مطالبہ کردیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ یہ کھلاڑی اتنی سخت نگرانی کے باوجود بکیز سے ملے کیسے؟ پی سی بی کو لازمی طور پر دوسرے پلیئرز اور مینجمنٹ میں شامل ان افراد کا بھی پتہ چلانا چاہیے جنھوں نے مدد کی، ان کو بھی سزائیں دینا چاہیے۔ سابق کپتان نے کہا کہ پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ میں موجود سزائیں ہی دینا ہوں گی، اگر وہ تاحیات پابندی کے مستحق ہیں تو پھر ویسا ہی ہونا چاہیے۔ راشد لطیف نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے جرم یو اے ای میں کیا تو سزا بھی وہیں ملنی چاہیے تھی، انھیں وہاں کی پولیس کے حوالے کیا جاتا، انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے ان چیزوں میں پڑنے کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ وہ دوسروں کو دیکھتے ہیں کہ ایسے کام کرکے بچ گئے، اس طرح وہ بھی اینٹی کرپشن یونٹ کی آنکھوں میں دھول جھونک کر آسانی سے فکسنگ سے دولت کمالیں گے۔