خبرنامہ

پی ایس ایل میں نوجوان کھلاڑیوں نے بہت متاثر کیا ،مکی آرتھر

لاہور (ملت + آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران نوجوان کھلاڑیوں نے بہت متاثر کیا،پاکستان ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کے آنے سے ملک میں کرکٹ کا معیار بلند ہوگا اور مقابلے کی فضا پیدا ہوگی۔ مکی آرتھر نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے دوران چند اچھے کھلاڑی سامنے آئے ،جو پاکستان میں کرکٹ کو آگے لے جاسکتے ہیں ،میں ان سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ٹیم میں بھی اچھے کھلاڑی ہیں ، ہمیں قومی ٹیم کی حکمت عملی اور اسٹائل میں معمولی تبدیلی لانا ہوگی، دورہ ویسٹ انڈیز سے پہلے ہم قومی کرکٹ ٹیم کا کیمپ لگائیں گے۔ کوچ مکی آرتھرکا کہناتھاکہ یہ سیریز 2019 ء ورلڈ کپ میں رسائی کے لیے انتہائی اہم ہے، ہمیں اس کے لیے تیاری کرنا ہوگی، ان نوجوان کھلاڑیوں کے آنے سے پاکستان کرکٹ کا معیار بلند ہوگا اور یقینی طور پر اس سے مختلف پوزیشنز پر مقابلے کی فضا پیدا ہوگی۔