پی ایس ایل میں کرکٹرز پر کڑی نظر رکھی جائے گی
لاہور:(ملت آن لائن) پی ایس ایل ٹو میں اسپاٹ فکسنگ کیس نے پی سی بی کو چوکنا کردیا تاہم رواں سال تیسرے ایڈیشن کے دوران کرکٹرز پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ پاکستان سپر لیگ ون کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ سامنے نہیں آیا، دوسرے ایڈیشن کے آغاز پر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے طوفان برپا کردیا،اسی کیس میں شرجیل خان کو ڈھائی سال معطل سمیت 5برس اور خالد لطیف کو5سال پابندی کی سزا سنائی جا چکی۔
بکی سے رابطے کی اطلاع نہ کرنے کی پاداش میں محمد عرفان 6ماہ معطل رہے، سہولت کاری کے ملزم ناصر جمشید کو تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر ابھی ایک سال کے لیے معطل کیا گیا جبکہ شاہ زیب حسن کا کیس چل رہا ہے۔
واضح رہے کہ 22 فروری کو یواے ای میں شروع ہونے والے تیسرے ایڈیشن کے2پلے آف میچز لاہور جب کہ فائنل کراچی میں کھیلا جانا ہے،ماضی کے تلخ تجربے پر چوکنا پی سی بی نے اس بار کرکٹرز کی نگرانی کا عمل مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لیے 2 اینٹیگریٹی آفیسر تعینات کیے جائیں گے جب کہ عارضی تعیناتی کے لیے موزوں آفیسر کی تلاش شروع کردی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اخبارات میں اشتہار بھی دیا جا چکا جس کے مطابق اینٹیگریٹی آفیسر کے لیے لیفٹیننٹ کرنل رینک کے ریٹائرڈ آرمی افسران کو ترجیح دی جائے گی،انٹیلی جنس کا کورس کرنے والے اس عہدے کے لیے زیادہ فیورٹ ہوں گے، 60دن کے لیے اینٹیگریٹی آفیسرز کی تعیناتی کے ساتھ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ بھی معمول کے مطابق نگرانی کا عمل جاری رکھے گا۔