خبرنامہ

پی ایس ایل: ٹکٹوں کی فروخت دوسرے روز بھی جاری، بینکوں کے باہر عوام کا رش

لاہور (ملت + آئی این پی)پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت دوسرے روز بھی جاری رہی ، جب کہ ٹکٹوں کے حصول کے لیے بینکوں کے باہر شائقین کرکٹ کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ پی سی بی حکام کی جانب سے پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے خواہش مندوں کے لیے گزشتہ روز 500 سے 12000 روپے تک کی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش کی گئیں، جس میں سے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت چند ہی گھنٹوں میں مکمل ہوگئی تاہم منتخب بینکوں کے باہر عوام کا رش امڈ آیا اور شام تک بینکوں کے باہر شائقین کرکٹ کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ لاہور میں بینک آف پنجاب کی منتخب شاخوں پر ٹکٹوں کی فروخت دوسرے روز بھی جاری رہی ، جہاں ٹکٹیں خریدنے والوں کا دوسرے روز بھی رش ہے، شائقین کرکٹ اور پی ایس ایل کے دیوانے ٹکٹوں کے حصول کے لیے عملے سے پہلے ہی بنکوں کے باہرپہنچ گئے اور ناشتہ بھی گھر سے لے آئے۔ بینک انتظامیہ کے مطابق کئی شاخوں میں 500 اور 4000 روپے والے ٹکٹ ختم ہوگئے ہیں اور اب 8000 اور 12 ہزار والے ٹکٹ ہی دستیاب ہیں۔