خبرنامہ

پی ایس ایل کا فائنل لاہوریوں کیلئے آزمائش بن گیا

لاہور (ملت + آئی این پی) پاکستان سپرلیگ کا فائنل شہریوں کیلئے بہت بڑی آزمائش بن گیا۔ شائقین ٹکٹ حاصل کرنے کے باوجود پی سی بی کی کڑی شرائط پر ہی اسٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل فائنل شائقین کرکٹ کیلئے آزمائش سے کم نہ ہوگا۔ ٹکٹ حاصل کرنے کے باوجود پرستار پی سی بی کی کڑی شرائط کے تحت ہی اسٹیڈیم جاسکیں گے۔ٹکٹ کے علاوہ شائقین کو اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا بھی لازمی ہوگا۔ پرستار موبائل فون، سگریٹ، لائٹر اور بیٹری جیسی کوئی چیز اپنے ہمراہ نہیں لے جاسکیں گے۔ میچ کے دوران شائقین کو صرف نعرے بازی پر گزارا کرنا ہوگا کیونکہ ڈھول تاشے لانے پر بھی پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ سافٹ ڈرنک، چپس یا کھانے پینے کی دیگر اشیا لانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔اسٹیڈیم سے کم وبیش دو کلو میٹر دور پارکنگ کا انتظام ہوگا جہاں سے پیدل چل کر اسٹیڈیم تک آنا ہوگا۔ جبکہ اسٹیڈیم کے قریبی علاقوں کے رہائشی افراد کو پورا دن موبائل فون اور گیس کی بندش کابھی سامنا رہے گا۔