خبرنامہ

پی سی بی آپریشن تھیٹر میں پڑا ہے، درست آپریشن کی ضرورت ہے، راشد لطیف

لاہور (ملت + آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے مصباح الحق کی قیادت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹیم اور بورڈ دونوں میں منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ ایک سونے کی کان ہے اور ہر کوئی اسی کوشش میں ہے کہ اس کو جتنا کھا سکتے ہو کھا لو، یہ ہماری قوم کا المیہ ہے، ڈسٹرکٹ سے لے کر چیئرمین کرکٹ بورڈ تک جس کا جہاں ہاتھ لگے گا وہ مارے گا، اسے ملک یا کرکٹ سے محبت نہیں ہے۔یہ پاکستانی ٹیم ہے جس کے فاسٹ باؤلرز کو ہندوستانی ٹیم رشک سے دیکھتی تھی لیکن آج ہمارے فاسٹ باؤلرز نیچے ہیں اور ہندوستان کے زیادہ اچھے ہیں، اس سے زیادہ شرمندگی کی بات کوئی ہو ہی نہیں سکتی۔’انڈہ دینے والی مرغی کاٹا نہیں کرتے لیکن یہ آدھا کاٹ چکے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ آپریشن تھیٹر میں پڑا ہوا ہے، وقت آنے سے پہلے صحیح آپریشن کر دیں ورنہ اگر اس نے انڈہ دینا بند کردیا تو مشکل ہو جائے گی۔انہوں نے کرپشن کو پاکستان کرکٹ کے زوال کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہاں کرپشن ہو گا وہاں کھیل تنزلی کا شکار ہو گا اور میں وثوق سے کہتا ہوں کہ پاکستان میں کھیل کا اتنا جوش و جذبہ ہے کہ ایک ماہ میں تین ٹیمیں کھڑی ہو جائیں۔