خبرنامہ

پی سی بی بائیو مکینک رپورٹ ،حفیظ کے باوئلنگ ایکشن ٹیسٹ کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار

لاہور(ملت + آئی این پی) قومی کرکٹر محمد حفیظ کے لاہور کی بائیو مکینک لیب سے کرائے گئے غیر قانونی بالنگ ایکشن ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی جس سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور خود حفیظ دونوں ہی غیر مطمئن ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی لیب کی رپورٹ بورڈ اور حفیظ دونوں ہی کے مطابق تسلی بخش نہیں ہے اور انہوں نے بائیو مکینک لیب کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب محمد حفیظ دوبارہ انگلینڈ سے اپنا ایکشن ٹیسٹ کرائیں گے اور اس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی آئی سی سی میں باقاعدہ ٹیسٹ کیلئے درخواست دی جائے گی جس سے معلوم ہو تا ہے کہ حفیظ کی بطور آل رانڈر قومی کرکٹ ٹیم کیلئے خدمات جلد ممکن نہیں ہیں ۔دوسری جانب پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود حفیظ کو دورہ نیوزی لینڈ کیلئے زیر غور ضرور لایا جائے گا کیونکہ وہ ٹیم کے سینئر بلے باز ہیں اور کسی بھی وقت ان کی ضرورت پڑسکتی ہے ۔