کراچی:(اے پی پی) چیف سلیکٹر انضمام الحق نے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ’’ڈومور‘‘ کا کہہ دیا، ان کے مطابق دونوں بیٹسمینوں کو دوبارہ گرین شرٹس پہننے کیلیے اپنا رویہ بہتر بنانا ہوگا۔ انضمام الحق نے ان خیالات کا اظہار انگلینڈ سے واحد ٹوئنٹی 20 میچ کیلیے اسکواڈ کا انتخاب کرنے کے بعد کیا۔ خراب رویے کی وجہ سے ٹیم سے باہر احمد شہزاد اور عمر اکمل کے بارے میں چیف سلیکٹر نے کہاکہ اگر یہ دونوں پلیئرز ڈسپلن اور کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں تو پھر ناموں پر بھی غور کیا جائے گا، مگر فی الحال ہم مستقبل کے لیے ٹیم تشکیل دینے کی کوشش کررہے ہیں۔دوسری جانب شاہد آفریدی نے رواں برس مارچ اپریل میں بھارت میںکھیلے گئے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی قیادت کی تھی، اگرچہ انھوں نے اس ایونٹ کے آغاز پر عندیہ دیا تھا کہ وہ میگا ایونٹ کے بعد اس طرز سے بھی ریٹائر ہوجائیں گے مگر ٹورنامنٹ کے دوران ہی اپنا ذہن تبدیل کرلیا تھا۔ بوٹ کیمپ میں طلب نہ کیے جانے سے ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے مستقبل کے پلان کا حصہ نہیں ہیں،آل راؤنڈر نے کاؤنٹی ٹی 20 بلاسٹ میں اچھی کارکردگی سے ٹیم میںجگہ بنانے کا عندیہ دیا تھا مگر ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوئی، انھیں حسب توقع منتخب نہیں کیا گیا۔ اس بارے میں انضمام نے کہاکہ میں پہلے بھی یہ کہہ چکا تھا کہ چونکہ انگلینڈ میں صرف ایک ہی ٹی 20 ہے اس لیے ہم آفریدی کو زیر غور نہیں لائیں گے، البتہ اگر وہ ڈومیسٹک لیول پر اچھا پرفارم کرتے ہیں تو پھر انھیں موقع دیا جائے گا۔