دبئی:(اے پی پی) جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے ایک مرتبہ پھر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سنچورین ٹیسٹ میں 8 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر ڈیل اسٹین نے پہلی پوزیشن پر براجمان بھارتی اسپن بولر روی چندرن ایشون اور انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز انڈریسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن سے پہلی پوزیشن پر چھلانگ لگالی۔ اس سے قبل دسمبر 2015 میں ڈیل اسٹین کندھے کی انجری کے باعث کئی میچز سے باہر رہے جس کے بعد بھارتی اسپنر ایشون نے پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا تھا۔ آئی سی سی پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر ڈیل اسٹین 878 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جیمز اینڈریسن 870 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور روی چندرین ایشون 859 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ دس بہترین بولر کی فہرست میں پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ چھٹی پوزیشن پر براجمان ہیں۔