ڈیوس کپ ٹائی میں ہوم کورٹ پر پاکستان کا فاتحانہ آغاز
لاہور:(ملت آن لائن) ڈیوس کپ ٹائی ایشیا اوشیانا گروپ ون میں ہوم کورٹ پر پاکستانی کھلاڑیوں نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دونوں سنگلز مقابلوں میں کوریا کو قابوکر لیا۔ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں اعصام الحق اور سون ووکون کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ پہلے سیٹ میں اعصام الحق نے حریف کو باآسانی 3 کے مقابلے میں 6 پوائنٹس سے شکست دی۔ دوسرے میں کورین کھلاڑی نے شاندار کم بیک کیا اور 6-1 کی فتح کیساتھ میچ 1-1 سے برابر کردیا۔ تیسرے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا لیکن اعصام الحق نے 5کے مقابلے میں 7پوائنٹس سے کورین حریف کو شکست دیکر نہ صرف سیٹ بلکہ مقابلہ بھی اپنے نام کرلیا۔
دوسرے میچ میں پاکستان نمبر ون عقیل خان کاکوریا کے کورین شن چن ہانگ سے سامنا ہوا، پہلے سیٹ میں شن چن ہانگ نے عقیل کو 4 کے مقابلے میں 6 پوائنٹس سے شکست دی، دوسرے میں عقیل خان نے شاندار کم بیک کیا اور سخت مقابلے کے بعد کورین شن چنگ ہانگ کو 5 کے مقابلے میں 7 پوائنٹس سے مات دیکر میچ1-1 سے برابر کر دیا، تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں عقیل خان نے شن چن ہانگ کو سخت مقابلے کے بعد5 کے مقابلے میں7پوائنٹس سے زیرکر کے میچ2-1 سے اپنے نام کرلیا۔