خبرنامہ

کرائسٹ چرچ،بطور کپتان 50میچز مکمل کرنے پرمصباح الحق کاجشن

کرائسٹ چرچ (ملت + آئی این پی) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن میچ سے قبل مصباح الحق کے بطورکپتان پچاس میچز کھیلنے پر کیک کاٹا گیا۔مصباح الحق بطور کپتان 50 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے پہلے پاکستانی کپتان ہیں۔اس منفرد اعزاز کو سیلیبریٹ کرنے کے لیے کرائسٹ چرچ میں دوسرے دن کے کھیل سے قبل کپتان مصباح الحق کے لیے ٹیم کے کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کی جانب سے سرپرائز کیک کا انتظام کیا گیا تھا۔مصباح نے کھلاڑیوں کے ہمرا یہ سرپرائزکیک کاٹا ،اس موقع پر کھلاڑیوں نے بھی خوب انجوائے کیا اور کپتان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔واضح رہے کہ عمر کی بیالیس بہاریں دیکھنے والے مصباح الحق نے چھ سال قبل ٹیسٹ ٹیم کی باگ دوڑ سنبھالی تھی۔ اس تمام عرصے میں مصباح نے پابندی کے باعث ایک ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر تصاویر پوسٹ کیں اور مصباح کو مبارکباد پیش کی۔