خبرنامہ

کراچی بلیوز نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا

ملتان:(اے پی پی) کراچی بلیوز نے کراچی وائٹ کو فائنل میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں کراچی بلیوز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی وائٹ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز ہی بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں کراچی وائٹ کے اوپنرز زین عباس اور آصف ذاکر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو 61 رنز کی شراکت فراہم کی تو آصف ذاکر 32 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد اسد شفیق 6، کپتان اکبرالرحمان ایک، دانش عزیز 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹیم کا مجموعی اسکور 128 تک پہنچا تو زین عباس بھی 47 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ طارق ہارون 38، محمد حسن 10 اور اعظم حسین 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سہیل خان 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی بلیوز کی جانب سے محمد نواز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، محمد اصغر اور سعید اجمل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی بلیوز کی جانب سے خرم منظور نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شاہزیب حسن 11 اور کپتان خالد لطیف 9 رنز بنا سکے جب کہ فواد عالم 67 اور محمد سمیع 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی وائٹ کے تابش خان، میر حمزہ اور اعظم حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔