خبرنامہ

کرکٹر کو سیکیورٹی نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں داخل ہونے سے روک دیا

میلبورن:(ملت+اے پی پی) بگ بیش ٹیم برسبین ہیٹ کے انگلش فاسٹ بولر ٹیمل ملز کوایکریڈیشن کارڈ نہ ہونے پر سیکیورٹی نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں داخل ہونے سے ہی روک دیا، آدھا گھنٹہ انتظار کے بعد وہ ایک صحافی کے ہمراہ اندر جانے میں کامیاب ہوئے۔ میلبورن اسٹارز سے میچ کے بعد ٹیمل ملز نے بتایا کہ آسٹریلین اوپن کی وجہ سے کافی رش تھا، ہم ایک گاڑی پر یہاں پہنچے، میں تھوڑا پیچھے رہ گیا جب اندر جانے لگا تو یاد آیا کہ میرے پاس ایکریڈیشن کارڈ ہی نہیں جس کے آدھے گھنٹے بعد ایک صحافی کی وجہ سے میں عوامی راستے سے گراؤنڈ میں داخل ہوا اور سیدھا فیلڈ پر گیا تاہم وہاں میچ سے قبل کی پریکٹس شروع ہوچکی تھی، میں نے بروقت خود کو تیار کیا۔