کنگسٹن: (ملت+اے پی پی) کرکٹ ویسٹ انڈیز کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ 10 برس کی دوری کے بعد انگلینڈ کے خلاف مکمل سیریز کی میزبانی مل گئی ہے ۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز آئندہ برس انگلینڈ کے خلاف ہوم انٹرنیشنل سیریز کی میزبانی کریگا اور شیڈول کے مطابق انگلش ٹیم دورے کے دوران کالی آندھی کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی، یہ ویسٹ انڈیز کی انگلینڈ کے خلاف 2009ء کے بعد پہلی طویل سیریز ہو گی، ویسٹ انڈیز نے 2009ء میں ہی انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ سیریز جیتی تھی جب کالی آندھی نے انگلش ٹیم کو پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے زیر کیا تھا۔ جاری کردہ شیڈول کے تحت انگلش ٹیم 15 جنوری کو چار روزہ ٹور میچ سے دورے کا آغاز کرے گی، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 23 سے 27 جنوری، دوسرا ٹیسٹ 31 جنوری سے 4 فروری جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 سے 13 فروری تک کھیلا جائے گا، ون ڈے سیریز سے قبل انگلش ٹیم 17 جنوری کو پریکٹس میچ کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 20 فروری، دوسرا میچ 22 فروری، تیسرا میچ 25 فروری، چوتھا میچ 27 فروری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 2 مارچ کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 5 مارچ، دوسرا میچ 8 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 10 مارچ کو کھیلا جائے گا۔