خبرنامہ

کرکٹ پچ پر سیاسی میچ کی بھارتی روش برقرار

کرکٹ پچ پر سیاسی میچ کی بھارتی روش برقرار
ممبئی:(ملت آن لائن) کرکٹ پچ پرسیاسی میچ کی بھارتی روش برقرار رہی تاہم اب ایمرجنگ نیشنز کپ کے پاکستان میں انعقاد پر اعتراض اٹھا دیا گیا۔

ایشین کرکٹ کونسل نے29 اکتوبر کو لاہور میں اجلاس کے دوران 6 ٹیموں پر مشتمل ایشین ایمرجنگ نیشنز کپ آئندہ برس اپریل میں پاکستان میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا،اس میٹنگ میں بھارت کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا تاہم اب ایک بھارتی اخبارکے مطابق دبئی میں 18دسمبر کو ہونے والے اے سی سی اجلاس میں بی سی سی آئی نے یہ سوال اٹھا دیا کہ وینیو کے اعلان سے قبل اسے اعتماد میں نہیں لیا گیا، بھارت بھی ایونٹ میں شرکت کا خواہشمند ہے تاہم موجودہ حالات میں اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھجوا سکتے۔

اے سی سی ایمرجنگ نیشنز کپ کسی اور جگہ منتقل کرنے کے حق میں نہیں، سری لنکا نہ صرف ایمرجنگ بلکہ قومی انڈر19ٹیموں کو بھی پاکستان بھیجنے کی حامی بھر چکا ہے، بنگلہ دیش، افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں۔

بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایمرجنگ نیشن کپ کے انعقاد کا معاملہ اے سی سی کے آئندہ اجلاس تک ملتوی کردیا گیا ہے، بی سی سی آئی کی جانب سے اعتراض اٹھائے جانے کے بعد اس کے پاکستان میں انعقاد کے امکانات معدوم رہ گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت میں ہونے والے انڈر 19 ایشین کپ میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشین کرکٹ کونسل نے ایونٹ بھارت سے ملائیشیا کے شہر کوالالمپور منتقل کردیا، دوسری جانب آئندہ سال ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی میزبانی سے بھارت نے محض اس وجہ سے انکار کردیاکہ وزارت داخلہ اور خارجہ کی طرف سے پاکستانی ٹیم کی میزبانی کیلیے سیکیورٹی کلیئرنس نہیں مل سکی،ایونٹ اب بنگلہ دیش منتقل ہو سکتا ہے تاہم فی الحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ایمرجنگ نیشنز کپ کی میزبانی ملنے کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ 6ملکی ٹورنامنٹ کے میچز مختلف شہروں میں کراتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر تیز کرنے کی کوشش کرینگے، امید ہے کہ بھارتی ٹیم آئے گی، دوسری صورت میں اس کو اپنے پوائنٹس گنوانے پڑیں گے لیکن یہ خواب پورا ہوتا نظر نہیں آرہا،کرکٹ کو ہمیشہ سیاست کی بھینٹ چڑھانے والا بھارت ایک بار پھر روایتی ہتھکنڈہ استعمال کرتے ہوئے رکاوٹ ڈالنے کیلیے تیار ہے۔

دوسری جانب آئی سی سی ایونٹس میں بھارتی ٹیم پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار نہیں کرتی،گرین شرٹس بھی پڑوسی ملک میں ہونے والے ورلڈکپ 2011اور گزشتہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرچکے ہیں، رواں سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں لیگ میچ کے بعد فائنل میں بھی مقابل ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ باہمی سیریز کھیلنے کا وعدہ پورا نہ کرنے پر دونوں پڑوسی ملکوں میں قانونی جنگ پہلے ہی چھڑ چکی ہے،پی سی بی نے ہرجانہ وصولی کیلیے آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی میں کیس دائر کررکھا ہے،اس لیے بھارتی بورڈ پاکستان کرکٹ کے مفاد میں جانے والی ہر چیز کی مخالفت کرتا نظر آتا ہے۔