خبرنامہ

کیریبیئنز کے شکار کا عزم ؛ پاکستان ٹیم آج سے ہتھیار تیز کرے گی

دبئی:(اے پی پی) کیریبیئنز کے شکار کا عزم لیے پاکستان آج اپنے ہتھیار تیزدھار بنانے کی مہم شروع کریگا، اتوار کو دبئی آمد کے بعد قومی کرکٹرز نے آرام کو ترجیح دی،گرین شرٹس پیر کی شام کو 6 سے 9بجے تک بھرپور سیشن میں فیلڈنگ ڈرلز کے بعد نیٹ میں بولنگ اوربیٹنگ پریکٹس کرینگے۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹوئنٹی سیریز کیلیے منتخب اسکواڈ نے دبئی میں ڈیرے ڈال لیے، ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے رخصت ہونے والے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد (کپتان)، شرجیل خان، خالد لطیف، بابر اعظم، عمراکمل، شعیب ملک، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد نواز، سعدنسیم، وہاب ریاض،حسن علی، سہیل تنویر اور رومان رئیس علی الصباح یواے ای پہنچ گئے تھے، شادی کی تقریبات میں مصروف محمد عامر ٹیم کو بعد میں جوائن کریں گے۔ پاکستانی پلیئرز نے پہلے روز آرام کو ترجیح دی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بیرون ملک سے آنے والے معاون غیرملکی اسٹاف کی نگرانی میں پیر کو بھرپور پریکٹس سیشن ہوگا، دورۂ انگلینڈ کے بعد کئی کھلاڑیوں نے ملتان میں قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں شریک ہونے کے بجائے آرام کو ترجیح دی تھی، کم بیک کرنے والے عمراکمل سیمی فائنل تک تمام میچز کھیلے، خالد لطیف، محمد نواز، بابر اعظم اور رومان رئیس بھی ایونٹ کے دوران ایکشن میں نظر آئے، سیریز کی تیاری کیلیے لاہور میں کوئی تربیتی کیمپ نہیں لگایا گیا تھا، تاہم اس کمی کو پورا کرنے کیلیے اسکواڈ کو چند روز قبل دبئی روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، پیر سے پاکستانی مشقوں کا آغاز ہوگا۔ گرین شرٹس شام کو 6 سے 9بجے تک بھرپور سیشن میں فیلڈنگ ڈرلز کے بعد نیٹ میں بولنگ اوربیٹنگ پریکٹس کریں گے، کوچنگ اسٹاف دورئہ انگلینڈ کے بعد اسکواڈ میں جگہ بنانے والے عمراکمل، سعد نسیم اور رومان رئیس سمیت کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کا جائزہ لیتے ہوئے ممکنہ پلیئنگ الیون کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کریگا، کرکٹرز یواے ای کے سخت گرم موسم سے بھی ہم آہنگ ہونے کی کوشش کریں گے، پریکٹس سے قبل کوچ یا کپتان کی میڈیا سے بات چیت بھی ہوگی۔دریں اثنا جمعرات کو ہی دبئی پہنچ جانے والی ویسٹ انڈین ٹیم نے تیسرے روز بھی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلیے کام کیا، بیٹسمین جارحانہ اسٹروکس کی پریکٹس کرتے رہے، اس مقصد کیلیے دبئی سے تعلق رکھنے والے نوجوان بولرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں۔ اسکواڈ میں شامل ہونے والے نئے پلیئرز کو نیٹ میں زیادہ وقت دیا گیا، کیریبیئنز پیر کو سہ پہر میں بھی لہو گرمائیں گے، بعد ازاں کوچ یا کپتان کی پریس کانفرنس بھی شیڈول کی گئی ہے، کل پاکستانی کھلاڑی شام کو پریکٹس کا آغاز کرینگے، مہمان ٹیم8بجے شروع ہونے وارم اپ میچ میں ای سی بی الیون کیخلاف اپنے ہتھیاروں کی آزمائش کریگی، بدھ کو دونوں ٹیموں کے ٹریننگ سیشن رکھے گئے ہیں، جمعرات کو بھی پریکٹس اور ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوگی، جمعے کو سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا، اگلے روز دونوں ٹیمیں اسی گراؤنڈ پر پھر آمنے سامنے ہوں گی، تیسرا اور آخری مقابلہ 27 ستمبر کو ابوظبی میں ہوگا۔