خبرنامہ

کیویز نے عقب سے آکر بنگال ٹائیگرز کو دبوچ لیا

ویلنگٹن:(ملت+اے پی پی) کیویز نے عقب سے آکر بنگال ٹائیگرز کو دبوچ لیا، چار دنوں تک راج کرنے والی مہمان ٹیم آخری روز ہمت ہارگئی، میزبان نے پہلا ٹیسٹ 7 وکٹ سے جیت لیا، 217 رنز کا ہدف 3 وکٹ پر حاصل ہوا،کین ولیمسن نے ناقابل شکست 104 رنز بنائے، روس ٹیلر نے بھی 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،اس سے پہلے بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 160 رنز بنا پائی، صابر الرحمان نے 50 رنز اسکور کیے،ٹرینٹ بولٹ نے تین وکٹیں لیں۔ ویلنگٹن میں پہلا ٹیسٹ کافی دلچسپ رہا جس میں بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز 595 رنز 8 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کرنے کے باوجود 7 وکٹ سے ہار گئی۔ چار روز تک میچ پر اس کا قبضہ رہا مگر آخری روز میزبان سائیڈ نے فتح پر اپنی مہر ثبت کردی۔ 217 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم (16) اور جیت راویل (13) کو مہدی حسن نے میدان بدر کیا، 39 رنز پر 2 وکٹیں اڑانے کے بعد بنگال ٹائیگرز کو اگلی وکٹ تب ملی جب حریف سائیڈ ہدف کو چھو رہی تھی، کین ولیمسن اور روس ٹیلر کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 163 رنز کی شراکت ہوئی، ٹیلر 60 رنز پر سباشس روئے کی وکٹ بنے،کیچ مہدی حسن نے تھاما، کین ولیمسن نے مہدی حسن کی گیندکو باؤنڈری کی سیر کراکے سنچری مکمل کی، پھر اگلی گیند پر سنگل سے ٹیم کو فتح دلادی۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کی دوسری اننگز 160 رنز پر تمام ہوگئی، صابر رحمان نے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے، کپتان مشفیق الرحیم 13 رنز پر سرپر چوٹ کھاکر میدان سے ایسے باہر گئے کہ پھر واپس ہی نہ لوٹے۔ پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے شکیب الحسن دوسری باری میں صرف پانچ گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے،انھیں کھاتہ تک کھولنا نصیب نہیں ہوا۔ چوتھے روز شام کو کولہے کی انجری کا شکار ہونے والے اوپنر امرالقیس دوبارہ بیٹنگ کے لیے آئے اور انفرادی اسکور کو 36 تک پہنچایا، وہ ناٹ آؤٹ رہے، ٹرینٹ بولٹ نے 3 جبکہ مچل سینٹنر اور نیل ویگنر نے2،2وکٹیں لیں۔