ہاکی، جونیئر پلیئرز سے مستقبل میں بہتر نتائج کی امید
کراچی (ملت آن لائن) جونیئر پلیئرزسے مستقبل میں بہترنتائج کی امید وابستہ کر لی گئی، عالمی الیون کے دورئہ پاکستان نے ملک میں ہاکی کے کھیل میں نئی روح پھونک دی ہے، ممتاز انٹرنیشنل کھلاڑیوں پر مشتمل مہمان ٹیم نے دومیچز کی وننگ ٹرافی اپنے نام ضرور کی لیکن اس کے خلاف کھیلنے والے قومی جونیئر کھلاڑیوں کے اعتماد میں بہتری آئی جو مستقبل میں کام آئیگی، ہم ہار اور جیت کی بجائے مستقبل میں ایک مضبوط قومی ہاکی ٹیم کی تشکیل کے لیے کوشاں ہیں جبکہ اگلے برس کا ایشین جونیئر کپ ہمارا ہدف ہے، ان خیالات کا اظہار پاکستان کی قومی ہاکی جونیئر ٹیم کے منیجر اولمپئن قمر ابراہیم نے کیا، نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان آنے والی عالمی الیون کا دورہ ہمارے لیے بہت سودمند ثابت ہوا، پی ایچ ایف نے اپنے ویژن 2020 پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نوجوان اورابھرتے ہوئے قومی جونیئرکھلاڑیوں کوسیریز میں شرکت کے مواقع فراہم کیے، اولمپئن قمر ابراہیم نے کہاکہ کراچی میں پہلے میچ میں عالمی الیون سے ایک کے مقابلے میں 5گول سے شکست کا بنیادی سبب ہمارے کھلاڑیوں میں میچ ٹمپرامنٹ کی کمی تھی لیکن لاہور میں منعقدہ دوسرے میچ میں ہماری ٹیم دوسرے رنگ میں نظر آئی، سیریز میں کھلاڑیوں کی خامیوں کا بغور مشاہدہ کیا، متوقع طور پر اگلے ہفتے دوبارہ شروع ہونے والے قومی جونیئر ہاکی تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کوبہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی، کیمپ میں منتخب 20 رکنی ٹیم کے ساتھ 5 اسٹینڈ بائی کھلاڑی بھی شریک ہوں گے،ایک سوال کے جواب میں قمر ابراہیم نے کہا کہ پی ایچ ایف کی جانب سے دورئہ ارجنٹائن کوممکن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، اس حوالے سے میزبان فیڈریشن اگلے چند روز میں حتمی فیصلہ سے آگاہ کردیگی، بصورت دیگر پاکستان جونیئر ٹیم اپریل میں آسٹریلیا کا دورہ کریگی اور وہاں کی نیشنل انڈر 20 ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کریگی، انھوں نے کہا کہ دورئہ یورپ ہمارے کھلاڑیوں کو ہمت، اعتماد اورحوصلہ فراہم کرے گا، ہمارا اصل ہدف اگلے برس شیڈول ایشین جونیئر کپ ٹورنامنٹ ہے،قمر ابراہیم نے کہا کہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے کے ساتھ اسٹرکچر پرکام کیا جارہا ہے، ہم اپنے روایتی ایشین اسٹائل کے ساتھ جدید تکنیک کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں، جس میں کھلاڑیوں کودشواری کا سامنا ضرور ہے کہ قوی امکان ہے کہ بتدریج بہتری ہوجائے گی، انھوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی نے قومی جونیئر کیمپ کے موجود38کھلاڑیوںمیںسے بہترین20 رکنی قومی جونیئر اسکواڈ تشکیل دیا ہے جو ہماری امیدوں کا مرکز ہے، کپتان جنید منظور اوران کے نائب رضوان علی کے ساتھ دیگر منتخب کھلاڑی وقار یونس اور عادل راؤ(گول کیپرز)، ریحان بٹ ، معین شکیل،عدیل لطیف، شاہ زیب خان ، غضنفر علی ، امجد علی اور ابراہیم ،افرازحکیم،عمیر ستار، نوید عالم، اویس ارشد، رانا وحید،احمد مدیم، ایم الیاس، وقار علی اور ذاکر اللہ بھرپور محنت کررہے ہیں۔