خبرنامہ

ہم نے کھلاڑیوں کو خود ضائع کیا: محمد یوسف

لاہور (ملت + آئی این پی) سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے کہا ہے کہ جب تک کرکٹر ز میں خوف خدا نہیں ہو گا کرپشن کو نہیں روکا جا سکتا چاہے ڈبل ایم اے پڑھے کرکٹر لے آئیں۔اگر پی سی بی کے پاس کھلاڑیوں کے خلاف شواہد ہیں تو میڈیا اور قوم کے سامنے رکھیں جائیں ، شواہد کو چھپانے کا کیا مقصد ہے؟بورڈ کب تک اپنی غلطیا ں کھلاڑیوں پر ڈالے گا ؟ نجی ٹی وی پرسپاٹ فکسنگ کیس میں کرکٹر محمد عرفان پر پابندی کے بعد تبصرہ کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے کھلاڑیوں کو خود ضائع کیا۔اگر نظر آرہا تھا کہ کھلاڑی سپاٹ فکسنگ میں ملو ث ہیں تو انہیں پکڑ لینا چاہئے تھا اور روکنا چاہئے تھا مگر ایسا نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو چاہئیے کہ لڑکوں کی تربیت کرے کیونکہ پاکستان میں ہر ادارے کے اندر کرپشن ہے اور اب یہ سلسلہ ختم کر دینا چاہئیے۔اگر کسی نے کھلاڑیوں پر غلط الزام لگایا ہے تو ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جانی چاہئیے کیونکہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو یہ پلیئرز کے ساتھ زیادتی ہو گی۔