خبرنامہ

ہیملٹن ٹیسٹ: پاکستانی بیٹنگ مشکلات کا شکار

ہیملٹن:
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کیویز کے 271 رنز کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور 5 کھلاڑی صرف 51 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

ہیملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ کے 271 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر76 رنز بنا لئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں اوپنرز ایک بار پھر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور 12 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے ابتدائی 3 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ سمیع اسلم 5، اظہر علی ایک اور یونس خان 2 رنر بنا کر آؤٹ ہوئے، تینوں کھلاڑی ٹم ساؤتھی کا شکار بنے۔ اسد شفیق بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 23 رنز بنا کر نیل ویگنر کی گیند پر بولڈ ہو گئے جب کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے محمد رضوان پہلی ہی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے روز کھیل ختم ہونے پر بابر اعظم 34 اور سرفراز احمد 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ نے اپنی نامکمل اننگز77 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو 90 کے مجموعی اسکور پر روس ٹیلر 37 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد جیت راول اور ہینری نکولس نے مجموعی اسکور113 رنز تک بڑھایا تو سہیل خان کی شاندار گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ راول 9 چوکوں کی مدد سے 111 گیندوں پر 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈی گرینڈہوم 37 رنز بنا کر عمران خان کا شکر بنے جب کہ مچل سینٹنر 16 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ میٹ ہنری محمد عامر کی گیند پر سہیل خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ نیل ویگنر کی وکٹ عمران خان کے حصے میں آئی۔ نیوزی لینڈ کے بی جے واٹلنگ 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ پاکستان کی جانب سے سہیل خان نے 4، عمران خان نے 3 اور محمد عامر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ وہاب ریاض کے حصے میں آئی۔

اس سے قبل کھیل کے پہلے روز قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کیویز کی جانب سے جیت راول اور ٹام لیتھم نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلے ہی اوور میں سمیع اسلم نے محمد عامر کی گیند پر جیت راول کا آسان کیچ چھوڑ دیا تاہم اسی اوور کی آخری گیند پر ٹام لیتھم سلپ پر سمیع اسلم کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد سہیل خان نے 15ویں اوور کی آخری گیند پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی وکٹ اپنے نام کی۔ 21 ویں اوور کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز اسکور کئے تھے کہ میچ بارش کے باعث روک گیا گیا۔